لبنان کے عبوری وزیر اعظم نجیب میقاتی کا کہنا ہے کہ لبنان کے معاملات میں ایرانی مداخلت قبول نہیں، اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کے نفاذ کے حوالے سے مذاکرات کرنا صرف لبنانی ریاست کا اختیار ہے۔
نجیب میقاتی نے ایرانی مداخلت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کے اندرونی معاملات میں ایران کی مداخلت ناقابل قبول ہے۔
لبنانی عبوری وزیر اعظم کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا تھا کہ ایران جنوبی لبنان سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کے نفاذ کے حوالے سے فرانس کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
2006 میں منظور کی گئی اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کا مقصد جنوبی لبنان کے علاقے کو ہتھیاروں اور فوج سے پاک رکھنا ہے تاکہ سرحد پر امن قائم رکھا جا سکے۔
نجیب میکاتی نے ان کے اس موقف پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے معاملات میں واضح مداخلت اور لبنان پر ناپسندیدہ سرپرستی قائم کرنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کے نفاذ کے حوالے سے مذاکرات کرنا صرف لبنانی ریاست کا اختیار ہے۔