• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی سیاست میں بردباری، مفاہمت اور برداشت کو فروغ دینا ہوگا، جاوید اقبال قادری

گریٹر مانچسٹر/ بولٹن (ابرار حسین) برطانیہ کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما اور انجمن تاجراںؒ کوٹلی آزاد کشمیر کے صدر جاوید اقبال قادری نے کہا ہے کہ بیرون ملک آباد پاکستانیوں اور کشمیریوں کو یہ فخر حاصل ہےکہ ان کے آبا و اجداد بے سروسامانی کے عالم میں اس ملک میں آئے لیکن انہوں نے یہاں آکر اپنی خداداد صلاحیتوں اور شبانہ روز محنت سے نہ صرف مقامی معاشرے میںؒ ایک باعزت مقام حاصل کیا ہے بلکہ برطانیہ کی اقتصادی معاشی اور سیاسی زندگی میں موثر کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وطن روانگی سے قبل نارتھ ہمٹن میں فاطمہ ٹرسٹ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج مجھے یہ دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل زندگی کے ہر شعبہ میں ترقی کر رہی ہے اس پر ہمیں فحر حاصل ہے اور اگر ترقی کا یہ سفر اسی طرح جاری رہا تو ہمارے آنے والی نوجوان نسل کا مستقبل انتہائی تابناک ہوگا۔ انہوں نے فاطمہ ٹرسٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا فلاحی ادارہ ہے جس نے نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پاکستان میں بھی فلاحی منصوبے شروع کر رکھے ہیں جس میں شجرکاری مہم سے لے کر ٹورازم انویسٹمنٹ جیسے دیگر منصوبے جن میں ملین ٹری کا منصوبہ بھی شامل ہے، جو کوٹلی سمیت آزاد کشمیر کے تمام علاقوں میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے فاطمہ ٹرسٹ کی ان کاوشوں پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ ملک سے باہر آکر کسی بھی جماعت پر نکتہ چینی کرنا اچھا نہیں لگتا ہم سب کو پاکستان کی خاطر جو ہمارا وطن ہے، اس کی قومی سیاست میں بردباری، مفاہمت اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی پالیسی اپنانا ہوگی۔ انہوں نے فاطمہ ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالحلیم جنجوعہ سمیت نارتھ ہمٹن اور گردو نواح سے آنے والے دوست احباب اور ساتھیوں کی حب الوطنی اور ذاتی طور پر اپنے ساتھ خلوص کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں بسنے والے آپ عظیم لوگ ہیں جنہوں نے ہمیشہ برطانیہ آنے والے ہر سیاسی، سماجی زعما کی عزت افزائی کرتے ہیں جس پر میں آپ کا بے حد مشکور ہوں۔ فاطمہ ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالحلیم جنجوعہ نے کہا کہ خدمت خلق وہ جذبہ ہے جسے ہر مذہب و ملت اور ضابطہ اخلاق میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جتا ہے اور یہی وہ جذبہ ہے جو اسلام کی اصل روح اور ایمان کا تقاضا ہے کہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر زندگی نے ساتھ دیا تو خدمت خلق کا یہ سفر جاری رکھوں گا۔ رومی جاوید قادری اور حماد خورشید قادری نے کہا کہ فاطمہ ٹرسٹ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے اور نادار اور مفلس لوگوں کی زندگیوں کو آسان بنانے میں ان کی پوری ٹیم جس جدوجہد کے ساتھ کام کرروہی ہے اس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ثاقب شبیر جنجوعہ اور کامران قیوم قادری نے کہا کہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا دراصل اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے بیرون ملک آباد پاکستانیوں کشمیریوں کو چاہئے کہ وہ انسانیت کی فلاح و بہبود کا کام کرنے والے اداروں کا بھرپور ساتھ دیں۔ عشائیہ سے شعیب ساغر، سرور جنجوعہ نے بھی خطاب کیا۔ عشائیہ میں عبدالغفور جنجوعہ، خواجہ رفیق، عبدالجلیل جنجوعہ، نبیل جنجوعہ، انجینئر بلال خورشید قادری، عابد جنجوعہ کے علاوہ کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

یورپ سے سے مزید