• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیئم پین کا سنیپ چیٹ پر آخری پیغام اور ’’ہوٹل کی بالکونی سے گرکر‘‘ موت

لندن (جنگ نیوز) برطانوی گلوکار اور مشہور بینڈ ’’ون ڈائریکشن‘‘ کے سابق رکن 31سالہ لیئم پین کی ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس کے ایک ہوٹل کی تیسری منزل سے گِر کر موت ہوئی ہے۔ بی بی سی کے مطابق ایک بیان میں پولیس نے بتایا کہ انہیں لیئم کی لاش تب ملی جب ایمرجنسی سروسز کو ہوٹل کے قریب سے ہیلپ لائن پر کال موصول ہوئی۔ لیئم پین کو عالمی شہرت تب ملی جب وہ 2010میں برطانوی ٹی وی شو ’’دی ایکس فیکٹ‘‘ میں شامل ہوئے۔ پھر وہ نوجوانوں کے پسندیدہ بینڈ ’’ون ڈائریکشن‘‘ کا حصہ بنے جس میں ہیری سٹائلز، لوئس ٹاملنسن، نائیل ہورن اور زین ملک بھی شامل تھے۔ رواں ماہ کے شروع میں لیئم پین نے ون ڈائریکشن بینڈ کے ایک اور سابق گلوکار نائیل ہورن کے کنسرٹ میں شرکت کی تھی۔ بیونس آئرس کی پولیس کے مطابق انھیں ایک شکایت موصول ہوئی تھی جس کے مطابق ایک جارحانہ شخص شاید منشیات اور شراب کے اثرات کی زد میں تھا۔ تاہم جب اہلکار ہوٹل پہنچے تو انھیں بتایا گیا کہ ہوٹل کے اندرونی صحن میں ایک زوردار آواز سنائی دی ہے۔ کچھ ہی دیر بعد انھیں وہاں لیئم پین کی لاش ملی۔ اس معاملے پر پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے ڈائریکٹر البرتو کرسنتی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ لیئم پین کو ’’سنگین چوٹیں‘‘ آئی تھیں اور ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ البرتو کرسنتی نے لیئم پین کے بالکونی سے گرنے کے بارے میں سوالات کا جواب دینے سے انکار کیا ہے جب کہ برطانیہ کے دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ وہ ارجنٹینا میں حکام سے ایک ’’برطانوی شخص کی موت کی رپورٹ کے حوالے سے‘‘ رابطے میں ہیں۔ تاہم مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔ لیئم پین نے اپنی موت سے چند گھنٹے قبل سنیپ چیٹ پر اپنی پارٹنر کے ساتھ ناشتہ کرتے ہوئے ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی۔ انہوں نے اس پر لکھا تھا کہ ’’ارجنٹینا میں ایک خوبصورت دن ہے‘‘۔ لیئم کی موت کی خبر کے بعد مداح بیونس آئرس کے ہوٹل کے باہر جمع ہوئے۔ ہوٹل کے گیٹ پر مجمع لگنے کی وجہ سے پولیس نے دروازے کو گھیرے میں لے لیا تھا۔ لیئم پین کی ایک نوجوان مداح وائلیتا انتیر نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’’میں اپنے کمرے میں تھی۔ میری بہن نے مجھے بتایا کہ لیئم کی موت ہو گئی ہے۔ ہمیں یقین نہیں آیا۔ اس لیے ہم یہاں خود آ گئے کہ معلوم کر سکیں کہ یہ سچ ہے یا نہیں‘‘۔ وائلیتا انتیر نے بتایا کہ انہوں نے دو ہفتے پہلے ہی لیئم پین کو نائل ہورن کے کنسرٹ میں دیکھا تھا۔ لیئم پین کی یاد میں ان کے لیے آن لائن خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ہالی وڈ اداکارہ پیرس ہلٹن نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ وہ لیئم کے خاندان اور ان کے قریبی لوگوں کو اپنا پیار بھیج رہی ہیں۔ انسٹاگرام پر برطانوی پریزنٹر ڈرمٹ اولیری نے لیئم پین کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ لیئم کو پیار سے یاد کرتے ہیں۔ ’’مجھے یاد ہے کہ وہ 14سال کی عمر میں ایکس فیکٹر پر آڈیشن کے لیے آئے تھے اور (فرینک) سناترا کے گانے سنا کر ہمارا ہوش اڑا رہے تھے‘‘۔ ’’وہ ہمیشہ خوش رہتے تھے۔ ہر ایک کیلئے وقت نکال لیتے تھے۔ اچھا اخلاق، شکر گزار اور ہمیشہ عاجز رہنے والے تھے‘‘۔ لیئم پین برطانوی شہر وولور ہمپٹن میں پیدا ہوئے تھے۔ ستاروں کی دنیا میں اپنا نام بنانے کیلئے انہوں نے 2008میں پہلی کوشش 14برس کی عمر میں کی تھی۔ انہوں نے ٹیلنٹ شو ’’دی ایکس فیکٹر‘‘ میں آڈیشن دیا تھا۔ تاہم سخت جج سائمن کوول نے انہیں ’’دو سال میں واپس آنے‘‘ کا کہا تھا۔ 2010میں لیئم نے ایک مرتبہ پھر ’’دی ایکس فیکٹر‘‘ میں آڈیشن دیا۔ اس وقت ان کی عمر 16برس تھی۔ اس بار انہوں نے ججز کو متاثر کیا اور شو میں آگے بڑھے۔ انہیں شو کے بوٹ کیمپ کے مرحلے میں چار دیگر امیدواروں کے ساتھ رکھا گیا جس کے بعد ’’ون ڈائریکشن‘‘ بینڈ کا جنم ہوا گروپ نے برطانیہ کے چار نمبر ون البمز اور چار نمبر ون سنگلز نکالے جو دنیا بھر میں ٹاپ چارٹس میں شمار ہوئے۔ تاہم 2015 میں گروپ نے بریک لینے کا اعلان کیا۔ 2017میں لیئم پین کا پہلا سولو گانا ’’سٹرپ دیٹ ڈاؤن‘‘ آیا جو برطانیہ کے آفیشل چارٹ پر تیسرے نمبر پر تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ریٹا اورا کے ساتھ ’’فار یو- ففٹی شیڈز فریڈ ساؤنڈ ٹریک‘‘ بنایا۔ یہ گانا بھی ’’ٹاپ ٹین‘‘ میں پہنچ گیا 2016میں انہوں نے گلوکارہ شیرل ٹویڈی کے ساتھ رومانوی تعلق کا اعلان کیا تھا جس کے اگلے سال ان کا بیٹا پیدا ہوا۔ یہ جوڑا 2018میں الگ ہوگیا۔ اس ہفتے کے شروع میں ان کی ایک سابقہ پارٹنر مایا ہینری نے اپنے وکلا کے ذریعے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے لیئم پین کے خلاف ایک ’’سیز اینڈ ڈیسٹ لیٹر‘‘ جاری کیا ہے۔ سوشل میڈیا پرانہوں نے لیئم پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ لیئم ان سے بار بار رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم لیئم نے الزامات کا جواب نہیں دیا۔

یورپ سے سے مزید