کولمبو (نیوز ڈیسک) سری لنکا میں سائبر کرائم میں ملوث 230سے زائد چینی باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتھ ہیراتھ نے بتایا کہ پولیس نے چینی سیکورٹی حکام کی مدد سے کارروائی کر کے بین الاقوامی بینکوں سے آن لائن فراڈ میں ملوث 230سے زائد چینی باشندوں کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن فراڈ میں استعمال ہونے والے 250کمپیوٹر اور 500موبائل فون بھی ضبط کیے گئے ہیں۔ حکام کی جانب سے اس سلسلے میں مزید تحقیقات بھی جاری ہے۔ وجیتھ ہیراتھ نے بتایا کہ آن لائن فراڈ میں کتنی رقم چوری کی گئی اس کی تحقیقات ابھی جاری ہے۔چینی باشندوں نے بنیادی طور پر غیر ملکی بینکوں اور مالیاتی اداروں کو نشانہ بنایا ۔ اس حوالے سے کولمبو میں موجود چین کے سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ہم نے سری لنکا کی پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے سیکورٹی اہلکاروں کا ایک گروپ بھیجا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بڑی تعداد میں مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کی وطن واپسی کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سری لنکن پولیس نے ہفتے کے روز بھی ایک بڑی کارروائی میں 126 چینی باشندوں کے ساتھ 2 ویتنامی ،جب کہ تھائی لینڈ اور فلپائن کے 2باشندوں کو بھی گرفتار کیا تھا۔