• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا ایک بار پھر اسلام آباد کے ڈی چوک جانے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایک بار پھر اسلام آباد جانے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ وہ ڈی چوک پر جاکر دکھائیں گے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آزاد عدلیہ کو آزاد نہیں چھوڑا گیا جبکہ ہمارا لیڈر بے گناہ جیل میں قید ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد دوبارہ جائیں گے اور ڈی چوک بھی جاکر دکھائیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ ہم نے پر امن احتجاج کرنا تھا، ہم پر جبر کیا گیا، حکومت کے اداروں اور مشینری کو استعمال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگوں کو اغواء کیا گیا ، ابھی بھی ہمارے بہت سے لوگ غائب ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کمر میں چھرا گھونپنے والے غدار ہیں، ان غداروں اور ضمیر فروشوں سے جان چھوٹ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غدار غدار ہے، مشکل حالات میں سب کا پتا چلتا ہے، غداروں سے جان چھوٹے گی تو نوجوانوں کو موقع ملے گا، نئی قیادت سامنے آئے گی، جو ملک کو سنبھالے گی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہر ادارہ انھوں نے تباہ کر دیا ہے، لوگوں پر جبر کریں گے تو وہ اس کے خلاف اٹھیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں ملک کی کوئی پرواہ نہیں، اس لیے کہ ان کا سب کچھ باہر ہے، ترمیم پاس کرنے کے لیے حکومت نے اپنے نمبر پورے کرنے تھے۔

قومی خبریں سے مزید