بھارتی ریاست گجرات میں جعلی عدالت قائم ہونے کا انکشاف ہوا ہے، فرضی عدالت میں جعلی جج، وکیل، اردلی بھی موجود تھے اور جعلی دستاویزات کی بنیاد پر مقدمات کی سماعت اور فیصلے بھی سنائے جاتے تھے۔
احمد آباد پولیس نے 2019 سے لے کر اب تک ثالثی کے جعلی احکامات جاری کرنے کے الزام میں جعلی جج مورس سیموئل کو گاندھی نگر سے حراست میں لیا۔
جعلی جج مورس سیموئل نے 2019 میں چندا جی ٹھاکر نامی شخص کے حق میں زمین کی ملکیت کے ایک تنازعے سے متعلق فیصلہ سنایا تھا۔
معاملہ سول کورٹ پہنچا تو عدالت نے کیس کے ساتھ دیگر دستاویزات کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور پولیس میں شکایت کی گئی جس کی بنیاد پر گرفتاری عمل میں آئی۔
ایف آئی آر کے مطابق مورس سیموئل نے اپنے دفتر میں ’کمرہ عدالت جیسا ماحول‘ بنایا ہوا تھا۔ اُن کے ساتھی عدالتی عملے یا وکیل کے طور پر پیش ہوتے۔