• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

8 مزید آئی پی پیز سے متعلق قوم کو جلد خوشخبری دی جائیگی: وزیرِ اطلاعات


وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی بجلی کی قیمتوں میں کمی پر بھرپور توجہ ہے۔

قومی اسمبلی میں توجہ دلاﺅ نوٹس پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ پر نیپرا نے گزشتہ روز 86 پیسے فی یونٹ کمی کی ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ حکومت نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو 50 ارب روپے کی سبسڈی دی، پنجاب حکومت نے500 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والوں کو 45 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا ہے کہ ہر سال وفاقی حکومت 300 یونٹ تک 276 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرتی ہے، کے الیکٹرک کو 174 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ لائف لائن اور نان لائف لائن کنزیومرز کو سالانہ بنیادوں پر سبسڈی فراہم کی جاتی ہے، اس سال صارفین کو زیادہ سبسڈی دی گئی، 5 آئی پی پیز کو بند کیا گیا جس سے معیشت کو اربوں روپے کا فائدہ ہو گا۔

وزیرِ اطلاعات نے کہا ہے کہ 5 آئی پی پیز کے بند ہونے سے بجلی کے بلوں پر بہت فرق پڑا ہے، 8 مزید آئی پی پیز سے متعلق قوم کو جلد خوش خبری دی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ان آئی پی پیز کے ریٹس کم کیے گئے ہیں، جس سے اربوں روپے کی بچت ہو گی، اگلی گرمیوں کے موسم سے پہلے بجلی کی قیمتیں مزید کم ہوں گی۔

عطاء اللّٰہ تارڑ نے یہ بھی کہا ہے کہ زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، اسٹاک مارکیٹ نے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید