• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رینجرز اہلکار کا قتل: 90 سے گرفتار عبید کے ٹو کی عمر قید کی سزا کیخلاف اپیل، مدعی سے جواب طلب

90 سے گرفتار ملزم عبید کے ٹو—فائل فوٹو
90 سے گرفتار ملزم عبید کے ٹو—فائل فوٹو

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز 90 سے گرفتار ملزم عبید کے ٹو کی رینجرز اہلکار کے قتل کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کے دوران مدعیٔ مقدمہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس سے جواب طلب کر لیا۔

عدالت نے درخواست کی سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

عبید کے ٹو کے وکیل نے دورانِ سماعت دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عبید کے ٹو کو 1998ء کے مقدمے میں غیر موجودگی میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

وکیل نے دلائل میں کہا کہ ہماری اپیل پر عدالتِ عالیہ نے مقدمے کے دوبارہ ٹرائل کا حکم دیا، دوبارہ ٹرائل میں بھی عدالت نے عبید کے ٹو کو عمر قید کی سزا سنائی ہے، دوبارہ ٹرائل انسدادِ دہشت گردی کی جن دفعات کے تحت ہوا وہ مقدمے کے اندراج کے بعد نافذ ہوئیں۔

عبید کے ٹو کے وکیل نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مقدمے کا اندراج 1998ء میں ہوا جبکہ انسدادِ دہشت گردی ترمیمی ایکٹ 2001ء میں نافذ ہوا، عبید کے ٹو کی گرفتاری 2015ء میں نائن زیرو سے کی گئی لیکن مقدمے میں گرفتاری بعد میں ظاہر کی گئی۔

ملزم عبید کے ٹو کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کو ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 382 کا فائدہ تاریخِ گرفتاری سے دیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید