پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کردی۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجی حملے ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجی حملے اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ حملےعلاقائی امن اور استحکام کے راستے کے لیے نقصان دہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حملے پہلے سے ہی عدم استحکام کا شکار خطے میں خطرناک حد تک کشیدگی میں اضافے کا باعث ہیں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل سے مطالبہ ہے بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے، اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل خطے میں اسرائیل کی لاپرواہی اور اس کے مجرمانہ رویے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو بھی علاقائی امن و سلامتی کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔