اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کا کہنا ہے کہ فلسطین کی صورتS حال انتہائی تشویش ناک ہے وہاں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ایاز صادق نے پارلیمنٹیرینز فار گلوبل ایکشن (پی جی اے) کے 45 ویں سالانہ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آمد پر معزز مہمانوں کا خیر مقدم کرتا ہوں، 39 ممالک کی شرکت عالمی امن و انصاف کے فروغ کے لیے ہماری کوششوں کا ثبوت ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ امید ہے کہ 2 روزہ کانفرنس میں عالمی چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو ہو گی، بد قسمتی سے دنیا اس وقت تنازعات کا شکار ہے.
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فلسطین کی صورتِ حال انتہائی تشویش ناک ہے، بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، مظلوم فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی بربریت و جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ بھارت کا جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، 77 سال میں مقبوضہ کشمیر میں 1 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کرنا ضروری ہے، امن اور انصاف قائم کرنے کے لیے سیاست دانوں کا کردار نہایت اہم ہے، انصاف کے دہرے معیار سے امن قائم نہیں ہو سکتا، عالمی انصاف کی یکساں فراہمی کو یقینی بنانا ہو گا، پاکستان نے عالمی امن کے فروغ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ انصاف اور احتساب کے اصولوں پر کار بند ہیں، ہر ملک منفرد سیاسی، تاریخی اور ثقافتی اقدار کا حامل ہے، ملکی خود مختاری اور سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، عالمی امن اور انصاف کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، روشن مستقبل کے لیے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا یہ بھی کہنا ہے کہ صدر پی جی اے اور رکنِ قومی اسمبلی نوید قمر کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دیتا ہوں۔