• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان خان اور سلیم خان کیخلاف بشنوئی کمیونٹی کا احتجاج، پتلے نذرِ آتش

ـــ فائل فوٹو
ـــ فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کے خلاف بھارتی شہر جے پور میں بشنوئی کمیونٹی نے احتجاج کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سلیم خان نے اپنے بیٹے سلمان خان پر کالے ہرن کے شکار کے الزامات پر اپنے ردِ عمل میں کہا تھا کہ سلمان خان بے قصور ہیں، وہ کبھی کسی جانور کو تکلیف نہیں پہنچا سکتے۔

سلیم خان کے اس بیان کے بعد بشنوئی کمیونٹی کی جانب سے جے پور میں سلمان خان اور سلیم خان کے خلاف احتجاج کیا گیا اور ان کے پتلے بھی نذرِ آتش کیے گئے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم بشنوئی ہیں اور ہم کسی کو ایسے ہی بدنام نہیں کرتے، آج سے 26 سال پہلے جب مقدمہ درج ہوا تو اس وقت ہماری کمیونٹی کے ایم ایل اے سمیت کئی معززین بھی موجود تھے، سلیم خان  ایسے جھوٹے بیانات دے کر لوگوں کو گمراہ نہیں کر سکتے۔

مظاہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ سلیم خان کے بیان سے کمیونٹی کو تکلیف پہنچی اور ہم کالے ہرن کے شکار کے اس کیس میں انصاف کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، سڑکوں پر آ کر احتجاج بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ سلمان خان پر 1998ء میں کامیاب ترین فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران راجستھان کے ایک گاؤں میں 2 نایاب کالے ہرنوں کا شکار کرنے کا الزام ہے۔

کالا ہرن بشنوئی کمیونٹی کے نزدیک مقدس مانا جاتا ہے۔

یہ لوگ سبزی خور ہیں اور جانوروں کی حفاظت کے لیے اپنی جان بھی دے سکتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ جب کالے ہرن کو مارنے کا کیس سامنے آیا تو بشنوئی برادری نے اس کی شدید مذمت کی اور اب یہ لوگ سلمان خان کے جانی دشمن بنے ہوئے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید