• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: رشتے کے خواہشمند شخص کے تنخواہ کی غلطی درست کرنے پر خاتون کا شادی سے انکار

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

بھارتی خاتون نے میٹری مونیل سائٹ (ازدواجی رشتہ ویب سائٹ) پر سالانہ تنخواہ 3 لاکھ کی بجائے 30 لاکھ روپے لکھ کر غلط بیانی کرنے والے شخص کا رشتہ ٹھکرا دیا تو مردوں کے حقوق کی تنظیم میدان میں آ گئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مردوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی سیو انڈین فیملی فاؤنڈیشن نامی فلاحی تنظیم سے وابستہ کِش سِف نامی رکن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر چند اسکرین شاٹس شیئر کر کے توجہ سمیٹ لی۔

کِش سِف کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ازدواجی رشتہ ویب سائٹ پر ممکنہ طور پر دوسری شادی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں آنے والے 2 افراد کے درمیان ہونے والی گفتگو کے اسکرین شاٹس ہیں۔

مذکورہ اسکرین شاٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ خاتون جلد از جلد شادی کے بندھن میں بندھنا چاہتی ہیں اور زور دے رہی ہیں کہ منگنی کی تاریخ طے کر لی جائے جبکہ لڑکے نے ایک دوسرے کو مزید جاننے کے لیے وقت طلب کیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی لڑکے نے یہ بھی واضح کیا کہ ازدواجی رشتہ ویب سائٹ پر آمدنی سے متعلق ایک ٹائپنگ کی غلطی ہو گئی ہے، اس کی سالانہ تنخواہ 30 لاکھ روپے نہیں ہے بلکہ 3 لاکھ روپے ہے، یہ جان کر خاتون آگ بگولہ ہو گئیں اور رشتہ ختم کر دیا۔

انہوں نے لڑکی کی والدہ کے ساتھ ہونے والی گفتگو کے بھی اسکرین شاٹس شیئر کیے ہیں جن میں انہوں نے عدالت جانے کی دھمکی دی تھی لیکن یہ جان کر کہ لڑکا وکیل ہے خاموش ہو گئیں۔

فلاحی تنظیم سے وابستہ رکن نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آج کل کی لڑکیوں کو کیا ہو گیا ہے؟

جوں ہی مذکورہ پوسٹ سوشل میڈیا کی زینت بنی اس نے ہر ایک کی توجہ سمیٹ لی جس پر صارفین نے کمنٹس کرتے ہوئے لڑکے کی تعریف کی کہ اس نے میٹری مونیل سائٹ پر لڑکیوں کی جانب سے ہونے والی دھوکا دہی کے طریقوں کو بےنقاب کر دیا ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید