بالی ووڈ کے معروف اداکار ارجن کپور اور اداکارہ ملائیکہ اروڑا کے بارے میں کچھ عرصے سے یہ خبریں زیرِ گردش تھیں کہ ان دونوں نے اپنی راہیں جدا کر لی ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ارجن کپور نے ممبئی کے شیوا جی پارک میں راج ٹھاکرے کی طرف سے منعقد کی گئی دیوالی کی پارٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان خبروں کی تصدیق کر دی ہے۔
اُنہوں نے صحافی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب پُرسکون رہو، میں اب سنگل ہوں۔
ارجن کپور کے اس انٹرویو کی ویڈیو صرف چند ہی لمحوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور صارفین کی جانب سے اس پر تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ملائیکہ اروڑا نے 2017ء میں ارباز خان سے طلاق لینے کے بعد 2018ء میں ارجن کپور کے ساتھ ڈیٹنگ شروع کی۔
ان دونوں نے 2019ء میں اپنے رشتے کے بارے میں انسٹا گرام کے ذریعے اپنے مداحوں کو بتایا جس کے بعد اس جوڑی کو کئی تقریبات اور ڈنر پارٹیز میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔