ریو ڈی جینرو( جنگ نیوز) انٹر نیشنل باکسنگ ایسو سی ایشن کے صدر ووچنگ کیو کا کہنا ہے کہ ریو اولمپکس میں ہونے والے باکسنگ مقابلے اس سے قبل ہونے والے کسی بھی اولمپکس سے مختلف ہے ۔ بلکہ یہ کہنا زیادہ بہتر ہو گا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ پروفیشنل باکسرز کو اس ایونٹ کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس میں باکسنگ کی دنیا کے بڑے نام شامل ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں باکسنگ کا شامل ہونا ہی صرف اہم نہیں بلکہ اس کے علاوہ بھی ایک اہم تبدیلی ہوئی ہے اور وہ یہ ہے کہ اولمپکس میں شامل مرد باکسر ز ہیڈ گارڈ کا استعمال نہیں کرینگے ۔ جبکہ خواتین باکسرز بدستور استعمال کریں گی ۔ واضح رہے کہ ریو اولمپکس میں باکسنگ کے مقابلے 13 کیٹیگریز میں دو ہفتے تک چلیں گے ۔ جس میں تین ویٹ کلاسسز خواتین کیلئے جبکہ 10 مردوں کیلئے ہونگی ۔ یہ اولمپک کی تاریخ میں دوسری بار ہو رہا ہے کہ خواتین اس کا حصہ بنیں گی ۔