حالیہ مہینوں کے دوران سیکورٹی فورسز کےہاتھوںمارے جانے والے خوارج کی مجموعی تعدادسینکڑوں میں پہنچ چکی ہے ،اس کے باوجود ان کی مذموم دہشت گردی کی کارروائیوں میں کمی نہیں آرہی ۔ سہولت کاروں کی کڑی نگرانی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی حالات کا ناگزیر تقاضاہے،تاہم سیکورٹی فورسز آخری دہشت گرد کی موجودگی تک موثر سرچ آپریشن میں دن رات مصروف ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بدھ کے روز ضلع بنوں کے علاقے بکا خیل میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں 8خارجی دہشت گرد ہلاک جبکہ 7زخمی ہوگئے۔اس دوران بہادری سے لڑتے ہوئے میجرعاطف خلیل ،نائیک آزاداللہ،اور نائیک غضنفر عباس فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کی اطلاعات ہیں،جس کی روشنی میں آپریشن جاری ہے۔ادھر بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکورٹی فورسز نے ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں تین روز قبل کامیاب کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 6خوارج ہلاک کئےگئے۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے صوبےکچھ عرصہ سے دہشت گردی کے مسائل سے دوچار ہیںتاہم پاک فوج نے وطن عزیز کوان سے مکمل طور پر پاک کرنے کا عزم کررکھا ہے۔ زمینی حالات ملحوظ رکھتے ہوئے حکومت نےزیرعمل منصوبے کو توسیع دینے کا ارادہ ظاہر کیا تھا،جس کے تحت آپریشن عزم استحکام کی ضرورت واضح کی گئی تھی ۔تاہم یہ معاملہ ابھی تک سیاسی مصلحتوں میں الجھا ہوا ہے ۔ ادھردہشت گردی کےمختلف واقعات کی شکل میں خوارج کراچی تک اپنی پہنچ کاپیغام دے چکے ہیں ،یہ صورتحال اچھی نہیں،ان کے ارادے خاک میں ملانےمیں دیر نہیں کرنی چاہئے۔