• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلڈ رسپانس ایمرجنسی ہاؤسنگ پروجیکٹ کیلئے 30 ارب کے اجراء کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے فلڈ رسپانس ایمرجنسی ہاؤسنگ پروجیکٹ کےلیے 30 ارب روپے کے اجراء کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اسلام آباد میں ای سی سی کا اجلاس ہوا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم آفس اور اسٹاف کالونی کےلیے 25 کروڑ27 لاکھ روپے کی تکنیکی گرانٹ منظور کی گئی ہے، جس کا مقصد بلا تعطل شہری خدمات کی فراہمی کو یقینی بناناہے، یہ رقم وزارت داخلہ کی درخواست پر کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں وزارت دفاع کےلیے 1 اعشاریہ 8 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، رقم صدر، وزیراعظم کے سرکاری دوروں کےلیے استعمال ہونے والے 2 وی وی آئی پی جہازوں پر خرچ کی جائے گی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ای سی سی سے منظور شدہ فنڈ دونوں وی وی آئی پی طیاروں کے انجن کی مرمت کےلیے مختص کیا گیا ہے۔

ای سی سی اجلاس میں محکمہ امیگریشن اور پاسپورٹس کےلیے 2 ارب 93 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔ یہ رقم 2 ای پاسپورٹ پرسنلائزیشن سسٹمز اور 6 ڈیسک ٹاپ مشینوں کی خریداری پر خرچ ہوگی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق فلڈ رسپانس ایمرجنسی ہاؤسنگ پروجیکٹ کے لیے 30 ارب روپے کے اجرا کی منظوری دی گئی ہے، بجٹ میں پہلے مختص رقم صوبہ سندھ کو جاری کی جائے گی۔

ای سی سی اعلامیے کے مطابق دوران اجلاس پاسکو کے گندم ذخائر کو قلت کے شکار ایجنسیوں اور علاقوں میں تقسیم کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ مقامی اور درآمدی گندم پاسکو کے پہلے سے طے شدہ تناسب کے مطابق تقسیم کی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید