ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کا پرچہ مبینہ طور پر لیک ہونے کی تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر 150 طلبہ اور طالبات کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ روز 96 طلباء ایف آئی اے کے دفتر میں تفتیش کے لیے پیش ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام طلباء کے والدین کی موجودگی میں بیانات قلمبند کیے گئے، طلباء نے پرچہ یا گیس پیپر کے مبینہ طور پر لیک ہونے کی تفصیلات فراہم کیں۔
کچھ طلباء نے بتایا کہ واٹس ایپ کے ذریعے ایک روز قبل انہیں ملتا جلتا پرچہ موصول ہوا تھا، طلباء کی جانب سے پرچہ بیچنے والے افراد کے نمبرز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اب تک کی تفتیش میں 100 فیصد لیک پرچے کے حوالے سے معلومات نہیں ملیں، چند روز میں تمام طلباء کے بیانات سامنے آنے کے بعد مزید تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طلب کیے جانے والے 150 طلباء نے ایم ڈی کیٹ میں 200 میں سے 190 نمبر حاصل کیے تھے۔