چین میں ایک انوکھی اسٹریٹ فوڈ وائرل ہوگئی ہے جسے دیکھنے پر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے انسانی بال کھائے جا رہے ہوں۔ اس ڈش کو ’فا کائی‘ یا ’فٹ چوئی‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، جو ایک خاص قسم کے خشک سایانو بیکٹیریا سے تیار کی جاتی ہے۔
اس کا سائنسی نام نوسٹک فلاجیلی فورمی ہے اور یہ چین کے خشک اور بنجر علاقوں جیسے گانسو، شانشی، چنگھائی، سنکیانگ اور اندرونی منگولیا میں پایا جاتا ہے۔
فا کائی کو اس کی شکل کی وجہ سے ’ہیئر ویجیٹیبل‘ بھی کہا جاتا ہے۔
نئے سال کے موقع پر خوش قسمتی کی علامت کے طور پر پیش کی جانے والی یہ ڈش اکثر سیاہ سویوں کی طرح پیش کی جاتی ہے، مگر حالیہ دنوں میں چین کے شہر چینگڈو کے کچھ اسٹریٹ فوڈ وینڈرز نے اسے باربی کیو اسٹائل میں متعارف کروایا جس میں یہ بالوں کی طرح دکھتی ہے اور گرم ساس لگا کر کھائی جاتی ہے۔
یہ دلچسپ اور منفرد ڈش، جو انسانی بالوں جیسی نظر آتی ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔