لندن (پی اے) شاہی املاک عوامی اداروں اور خیراتی اداروں سے لاکھوں وصول کرتی ہیں۔ ایک نئی دستاویزی فلم کے حصے کے طور پر شاہی خاندان کے مالیات بشمول این ایچ ایس، اسکولوں اور مسلح افواج سے حاصل کردہ کرائے کے بارے میں تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ چینل 4کے ڈسپیچز اور سنڈے ٹائمز، ایکسٹرنل کی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ کنگ چارلس اور پرنس ولیم کی پرائیویٹ اسٹیٹس نے عوامی اداروں اور خیراتی اداروں کے ساتھ معاہدوں سے لاکھوں پونڈز کی آمدنی حاصل کی ہے۔ یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ پچھلے ایک سال کے دوران ڈچز آف لنکاسٹر اور کارنوال کے ساتھ یہ سودے تقریباً 50ملین پونڈز کے ہیں کنگ چارلس کی پرائیویٹ اسٹیٹ ڈچی آف لنکاسٹر کے ترجمان نے کہا کہ اسٹیٹس برطانیہ کے تمام متعلقہ قانون سازی اور ریگولیٹری معیارات کی تعمیل کرتی ہیں، جو اس کی کاروباری سرگرمیوں کی حد پر لاگو ہوتے ہیں، ڈچی آف لنکاسٹر، جو 1399میں قائم ہوا اور پرنس ولیم کا ڈچی آف کارن وال، جو 1337میں قائم ہوا، دونوں ہی انگلینڈ اور ویلز میں بڑی تعداد میں اراضی اور تجارتی املاک رکھتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ عوامی اداروں کے ساتھ ان کے معاہدوں میں ڈچی آف کارن وال اور وزارت انصاف کے درمیان ڈارٹمور جیل کو لیز پر دینے کے لئے 37ملین پونڈز کا معاہدہ اور گائے اور سینٹ تھامس کے این ایچ ایس ٹرسٹ اور ڈچی آف لنکاسٹرکے درمیان لندن میں 15 سال سے زیادہ عرصہ سے گودام کرایہ پر دینےکا 11.4 ملین پونڈز کا معاہدہ شامل ہے۔ پروگرام، ڈسپیچز دی کنگ، دی پرنس اینڈ دی سیکرٹ ملینز رپورٹ کرتا ہے کہ کرائے کے معاہدوں کی تفصیلات پارلیمنٹ کو نہیں دی گئی ہیں۔ دستاویزی فلم اسٹیٹس کے بشمول کان کنی کمپنیوں کے ساتھ کچھ معاہدوں کے ماحولیاتی اثرات کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ دو نجی املاک کراؤن اسٹیٹ سے الگ ہیں۔ کراؤن اسٹیٹ کے منافع میں ایک جائیداد کا کاروبار، جو بادشاہ کی ملکیت ہے لیکن آزادانہ طور پر چلتا ہے، ٹریژری کو جاتا ہے۔ کراؤن اسٹیٹ کے منافع کی سطح کو حکومت کی طرف سے شاہی خاندان کو خودمختار گرانٹ کی شکل میں دی جانے والی فنڈنگ کا حساب لگانے کے لئے ایک معیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ کراؤن اسٹیٹ سے منافع 1.1بلین پونڈز تک بڑھنے کے بعد ٹیکس دہندگان کی مالی امداد سے چلنے والی خودمختار گرانٹ اگلے سال132 ملین پونڈز تک بڑھ جائے گی۔ ڈچی آف کارن وال کے ترجمان نے کہا کہ یہ ایک پرائیویٹ اسٹیٹ ہے، جس کی تجارتی ضرورت ہے، اسے ہم قدرتی ماحول کی بحالی اور اپنی کمیونٹیز کے لئے مثبت سماجی اثرات پیدا کرنے کے عزم کے ساتھ حاصل کرتے ہیں۔ کان کنی کے معاملے پر ترجمان نے کہا کہ ڈچی حکومت کی صنعتی حکمت عملی کے لئے ذمہ داری اور پائیدار طریقے سے کام کر رہا ہے۔ ڈچی آف لنکاسٹر کے ترجمان نے کہا کہ یہ ایک تجارتی کمپنی کے طور پر کام کرتی ہے، جو انگلینڈ اور ویلز میں وسیع پیمانے پر اراضی اور جائیداد کے اثاثوں کا انتظام کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈچی کچھ کاموں، خاص طور پر اثاثہ جات کے انتظام سے متعلق ڈچی کونسل کو سونپتا ہے اور جبکہ بادشاہ ڈچی کے کام میں گہری دلچسپی لیتا ہے، پورٹ فولیو کا یومیہ انتظام کونسل اور ایگزیکٹو ٹیم کی ذمہ داری ہے۔