ایتھنز (نمائندہ جنگ) پاکستانی کمیونٹی کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے کمیونٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں حالیہ واقعات پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ سیمینار میں پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ کمیونٹی سیمینار کی میزبانی پی جے سی کے سیکرٹری جنرل مرزا رفاقت حسین نے کی اور پاکستانی برادری کے ساتھ ہونے والے نسلی تعصب، امتیازی سلوک اور مقامی متعصب افراد و اداروں کے اقدامات کی مذمت کی۔سیمینار میں کمیونٹی رہنمااور اراکین نے پولیس حراست میں پاکستانی شہری کی ہلاکت بے گناہ پاکستانی شہریوں پر جان لیوا حملوں اور انتہائی دائیں بازو کی جماعت سے منسلک تارکین وطن مخالف شخصیات کی جانب سے پی جے سی کے سید محمد جمیل پر بے بنیاد الزامات کے ذریعے پاکستانی کمیونٹی کو بدنام کرنے کی بھی مذمت کی گئی۔سیمینار میں سفارتخانہ پاکستان ایتھنز کے سیکرٹری عظیم خان نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے پی جے سی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سیمینار کا خیرمقدم کیا اور پاکستانی کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔پی جے سی کے بدر منیر سندھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مختلف مواقع پر کیا جانے والا امتیازی سلوک ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے مساوی حقوق کے حصول کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا اور کمیونٹی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ ان مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کریں۔آخر میں پی جے سی یونان کے چوہدری ظفر ساہی کی جانب سے مذمتی قرارداد پیش کی گئی جس میں متعصبانہ واقعات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا اور حکام سے اپیل کی گئی کہ ذمہ داران کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، ساتھ ہی ارباب اختیار سے مطالبہ کیا گیا کہ پاکستانیوں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور پاکستانی کمیونٹی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔