برسلز (حافظ اُنیب راشد)چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید نے معروف پاکستانی دانشور اور اسکالر پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں علی رضا سید نے کہا کہ علمی میدان میں مرحوم ڈاکٹر اسلم سید کی بے مثال خدمات، علم کے فروغ میں اُن کا جذبہ اور معاشرتی ترقی کیلئے ان کی غیر متزلزل وابستگی اور اعلیٰ اخلاقی معیار اور معاشرتی اقدار کے تحفظ کیلئے ان کی جدوجہد بے مثال تھی اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ علی رضا سید نے پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید کو عظیم ’’کشمیرشناس‘‘ دانشور کے نام سے یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم علم کا ایک عظیم منبع تھے اور انہوں نے یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ کشمیرکونسل یورپ کے تمام عہدیداران ان کی کشمیرکیلئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں مرحوم نے کشمیرکونسل یورپ کے کئی پروگراموں میں شرکت کی اور ان پروگراموں کے علاوہ بھی کشمیریوں کے حقوق اور کشمیریوں پر بھارتی ظلم وستم کو دنیا کے سامنے اٹھایا۔ ہم کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ اور ان پر بھارتی مظالم کے خلاف مرحوم کی بے لوث اور بلاتفریق جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ عظیم پاکستانی فلاسفر اورکہنہ مشق مفکر پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید اتوار کے روز جرمنی کے شہر بون میں انتقال کرگئے۔ پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید اپنی عظیم علمی میراث اور عوامی خدمت کی بدولت معاشرے میں ایک ناقابل فراموش نقش چھوڑ کر گئے ہیں غم کے ان لمحات میں ہم اُن کے خاندان، دوستوں، اور احباب سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر اسلم سید کی مغفرت فرمائے اور ان کے عزیز و اقارب کو صبر اور حوصلہ عطا فرمائے، آمین۔