سڈنی (نیوز ڈیسک) آسٹریلیا میں جج نے پاکستانی نژاد سینیٹر مہرین فاروقی کے خلاف نسل پرستانہ ریمارکس پر حریف سینیٹر پرجرمانہ عائد کر دیا۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق جج انیگس اسٹیورٹ نے پاکستان نژاد سینیٹر مہرین فاروقی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سینیٹر پاؤلن ہینسن نے جو ریمارکس دئیے وہ نسل پرستی کے خلاف بنائے گئے قانون کی خلاف ورزی ہے۔ جج نے سینیٹر پاؤلن کو سینیٹر مہرین فاروقی سے متعلق متنازع پوسٹ سوشل میڈٰیا سے ہٹانے اور انہیں عدالتی کارروائی کے اخراجات سمیت بھاری جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ پناہ گزینوں کے خلاف اور سفید فام انتہا پسند پارٹی کی سربراہ پاؤلن ہینسن نے سینیٹر مہرین فاروقی کے خلاف2022میں ایکس (ٹوئٹر) پر انتہائی متنازع بیان دیتے ہوئے انہیں پاکستان واپس جانے کا کہا تھا۔ مہرین فاروقی نے سینیٹر کے خلاف فیڈرل کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ آسٹریلیا کی سینیٹر مہرین فاروقی انجینئر ہیں اور وہ 1992 میں اپنے شوہر کے ساتھ اسکلڈ اکنامک پروگرام کے تحت آسٹریلیا منتقل ہوئی تھیں۔