امریکا میں نئے صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے اور اس صدارتی انتخاب کو امریکی تاریخ کا اہم ترین صدارتی انتخاب قرار دیا جا رہا ہے۔
اس اہم موقع پر امریکا کے 9 صدارتی انتخابات کے بارے میں درست پیشگوئی کرنے والے مشہور مورخ ایلن لِچ مین نے آج امریکا میں جاری صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست کی پیش گوئی کر دی ہے۔
ایلن لِچ مین نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کملا ہیرس امریکا کی نئی اور پہلی خاتون صدر منتخب ہوں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ امریکا میں اب میرے جیسے سفید فام زوال کی طرف جا رہے ہیں۔
ایلن لِچ مین نے کچھ مخصوص معیارات کا استعمال کرتے ہوئے ایک ماڈل بنایا ہے جس نے اس عام خیال کو مسترد کر دیا ہے کہ انتخابی ڈیمو گرافکس یا پھر انتخابی مہم کا انتخابات کے نتائج کا تعین کر سکتے ہیں۔
انہوں نے اپنے اس ماڈل کی مدد سے 1984ء کے بعد ہونے والے تمام امریکی انتخابات کی پیشگوئی کی ہے جن میں صرف ایک پیشگوئی غلط ثابت ہوئی۔
لچ مین کی واحد غلط پیش گوئی 2000ء میں ہوئی جب اُنہوں نے کہا تھا کہ ڈیموکریٹک امیدوار ال گور وائٹ ہاؤس جائیں گے۔
اُنہوں نے ایک کے علاوہ تمام پیشگوئیاں صحیح کرنے کے باوجود بھی کہا کہ یقیناً میں ایک انسان ہوں تو ظاہر ہے میری پیشگوئی غلط بھی ہو سکتی ہے۔