ملتان(سٹاف رپورٹر)محمد نو از شریف زرعی یونیورسٹی اور محکمہ زراعت کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد کیا گیا دو روزہ مینگو فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا ۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کی کمیونٹی اور خصوصاً یہاں کے کاشتکاروں کی بہتری اور بھلائی کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔ جامعہ نے یہا ں کے باغبانوں اور مینگو انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کو آم کی نئی اقسام اور نئی ٹیکنالوجی متعارف کروانے کے لئے دو روزہ مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا جسے لوگوں نے اور خاص طور پر فیملیز نے بے حد سراہا ۔ ڈی سی او ملتان نادر چٹھہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال گورنمنٹ محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے تعاون سے اس سے بھی بڑا مینگو فیسٹیول کا انعقاد کرے گی جو کہ تین سے پانچ روز تک جاری رہے گا ۔ جس میں مینگو سٹا لزکے علاوہ مینگو کو سیل کرنے پر بھی کام کیا جائے گا ۔ ای ڈی او ایگریکلچر ملتان شفقت حسین بھٹی نے کہا کہ مینگو فیسٹیول میں آم کی بہت سی نئی اقسام کو رکھا گیا تھا جس سے لوگوں کو آم کی نئی اقسام کے بارے میں جاننے کا موقع ملا ۔ مینگو گروور زاہد حسین گردیزی نے کہا کہ ملتان میں پہلے بھی مینگو شوز ہوتے رہتے ہیں لیکن اس مینگو فیسٹیول کی خا ص بات یہ ہے کہ اس میں تمام زرعی ادارے اور محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان نے مل کر حصہ لیا ۔ مینگو فیسٹیول میں آم کھانے کے لڑکوں کے مقابلوں میں عبدا لحنان جب کہ لڑکیوں کے مقابلوں میں آمنہ نے کامیابی حاصل کی ۔میوزک چئیرمیں ٹیچرز کے مقابلوں میں عابد حمید خان نے کامیابی حاصل کی میوزک چئیر کے لڑکوں کے مقابلوں میں محمد ذوہیب جب کہ لڑکیوں کے مقابلے میں طوبی خان نے کامیابی حاصل کی ۔ میوزک چئیر بچوں کے مقابلوں میں آمنہ سمین نے کامیابی حاصل کی جب کہ جامعہ کے طالب علم فرقان قمر نے ـ ـ" نہیں وس دے گھر رن مریداں دے ـ " کے موضوع پر تقریر کر کے حاضرین کو انٹرٹین کیا ۔۔ علاوہ ازیں وائس چانسلر نے مینگو فیسٹیول کے بہترین انعقاد کرنے پر ڈین فکیلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ کو مبارکباد دی۔ اس کے علاو ہ وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ مینگو فیسٹیول کے پہلے روز ہائی ڈیلیگیشنز اور وفاقی وزیر کی آمد کی وجہ سے میڈیا کے ساتھ ہونے والی بد نظمی کو آئندہ نہیں ہونے دیا جائے گا تقریب میں حاجی نصیر احمد ممبر پنجاب اسمبلی رانا محمود الحسن ، ڈاکٹر مشتاق علوی، ڈاکٹر حمید اﷲ، پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید اور پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی ، ڈاکٹر تصور حسین ملک نے شرکت کی ۔