پشاور(نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کرک میں یونیورسٹی کی تعمیر پر عنقریب کام شروع کرنے، کرک میں آئل ریفائنری کے قیام اور کرک کے عوام کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے جامع پلان تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ صوبے میں بدعنوانی اور سفارش کو برداشت کرنے کی گنجائش ختم کر دی گئی ہے،کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو اگر کرپشن یا غلط سفارش میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں جمعیت علمائے اسلام کرک کے ممتاز مقامی رہنما جان عالم ایڈووکیٹ کی تحریک انصاف میں شمولیت کے سلسلے میں ضلع ناظم کرک ڈاکٹر عمر کی سربراہی میں کثیر رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی، اراکین صوبائی اسمبلی گل صاحب خان، زرین ضیاء، ضلع ناظم پشاور اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جان عالم ایڈووکیٹ نے اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے جان عالم ایڈووکیٹ کی تحریک انصاف میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہا اوراسے تحریک انصاف کی تبدیلی کیلئے مخلصانہ جدوجہد کا ثمر اور اس پر عوام کے بھر پور اعتماد کا مظہر قرار دیا،وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار اختیارات کی صحیح معنوں میں منتقلی اور فنڈز کی مساوی تقسیم کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومتوں کو فنڈز کے ساتھ ساتھ ایک مکمل نظام بھی دے دیا ہے جس پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے،انہوں نے اس موقع پر عوامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ عوامی مفاد میں اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کو کامیاب بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔