• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی انسانی حقوق کے ادارے یاسین ملک کی حفاظت کو یقینی بنائیں، رہنما جے کے ایل ایف

برسلز (عظیم ڈار) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی رہنما تنویر چوہدری نے اپنی پریس ریلیز کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلی انسانی حقوق کی تنظیموں کو متنبہ کرتے ہوئے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کی تشویشناک حالت کے حوالے سے فوری اپیل جاری کرتے ہوئےکہا کہ یاسین ملک کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت دہلی کی تہاڑ جیل میں یاسین ملک نے جیل حکام کے ناروا سلوک کے پیش نظر بھوک ہڑتال کر رکھی ہے جس سے ان کی صحت تیزی سے بگڑ رہی ہے۔ ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ ہیومن رائٹس ڈویژن راجہ مظفر نے کہا کہ یاسین ملک انسانی حقوق کیلئے اپنی غیر متزلزل وابستگی اور پرامن وکالت کیلئے مشہور ہیں انہیں ماہر امراض قلب سے طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ ان کی صحت کی خرابی کے باوجود جیل حکام ان کے ضروری علاج سے انکاری ہیں جس سے بھارتی حکومت کے سیاسی قیدیوں کے علاج کے حوالے سے شدید تحفظات لاحق ہیں۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے کہ وہ یاسین ملک کو فوری طبی امداد باہم پہنچائیں۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی حالات کی وجہ سے ان کی صحت سے سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں ہیومن رائٹس واچ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ تمام قیدیوں کے لیے منصفانہ سلوک اور طبی دیکھ بھال سے کشمیری قوم کو فیضیاب کریں. انہوں نے کہا کہ ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ انصاف کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔ اس پیغام کو سوشل میڈیا اور دیگر فورمز پر شیئر کریں، گفتگو میں حصہ لیں اور یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔ راجہ مظفر نے کہا کہ یاسین ملک نے خبردار کیا ہے کہ اگر انہیں فوری طور پر مطلوبہ طبی علاج نہ ملا تو وہ بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو آزاد ہونا ہی ہے کشمیری قوم کی آزادی تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
یورپ سے سے مزید