گلاسگو (نمائندہ جنگ) اسکاٹ لینڈ میں بون فائر نائٹ کے موقع پر پولیس، فائر بریگیڈ اور عام شہریوں کی گاڑیوں کو اینٹوں، بوتلوں اور آتشیں ورک سے نشانہ بنایا گیا، جس پر ہنگامی فسادات سے نمٹنے والے آفیسرز نے صورتحال کو کنٹرول کیا۔ اسکاٹش فائر اینڈ ریسکیو سروس کے عملے کو تین گھنٹوں کے اندر 6حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جن میں تین کلائیڈ بنک، دو ایڈنبرا اور ایک ویسٹ لوتھین میں ہوا۔ گلاسگو میں پاکستانی اور ایشیائی اکثریت کے علاقے پولک شیلڈ میں خاصی گڑبڑ ہوئی۔ یونین یونی سن کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے کئی گروپس رات 2بجے تک سڑکوں اور عمارتوں پر آتش بازی پھینکتے اور آگ لگاتے رہے فائر فائٹرز کا کہنا ہے کہ بون فائر نائٹ پر میزائلوں اور آتشبازی کے ذریعے ان پر بمباری کی گئی، جبکہ عملے نے ایک ہزار سے زیادہ ہنگامی کالیں اٹینڈ کیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایک چھوٹی سی اقلیت ہے جو کہ اس ہنگامی آرائی میں ملوث ہے اور ان کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔ واضح رہے کہ اس سال گزشتہ سال کی نسبت تشدد کے کم واقعات ہوئے ہیں جیسا کہ پچھلے سال 62ورکرز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔