آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے پاکستان نہ آکر کھیلنے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آگاہ کردیا جبکہ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بھارت پاکستان نہیں آئے گا تو پاکستان بھی آئندہ کبھی کسی ٹورنامنٹ میں بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کا حکومت پاکستان کے ساتھ رابطہ ہے اور بھارت کے نہ آنے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کا بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار پر سخت فیصلے لینے کا امکان ہے۔
ذرائع نے کہا کہ حکومت غور کر رہی ہے کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہیں آئے گا تو پاکستان آئندہ کبھی بھارت کیساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا اور جب تک بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں ہوتے تب تک بھارت کیساتھ کسی بھی ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں کھیلیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے سخت مؤقف اپنایا ہے، پاکستان کی ٹیم ہمیشہ بھارت بھیجی، اچھا تاثر دیا لیکن بھارت ہمیشہ سیاست کو شامل کرتا ہے۔ پاکستان چیمپئنز ٹرافی پر پیچھے نہیں ہٹے گا، بھارت نہیں آئے گا تو آخری حد تک جائیں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اسٹیڈیم بن رہے ہیں، سیکیورٹی اچھی ہے بھارت کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ نہ آئے۔ اگر بھارت نہیں آئے گا تو ریونیو نقصان ہمیں ہوگا لیکن جب ہم بھارت سے میچ نہیں کھیلیں گے تب نقصان ان کا بھی ہوگا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے کسی ماڈل کو قبول نہیں کرے گا۔