• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زیر التوا آئینی مقدمات کی کلر کوڈنگ کی جائے گی، جسٹس امین کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ


سربراہ آئینی بینچز جسٹس امین الدین کے چیمبر میں بینچوں کی تشکیل سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زیر التوا آئینی مقدمات کی کلر کوڈنگ کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آئینی بینچز کے امور کا جائزہ لیا گیا، 6 نومبر کے آئینی بینچز سے متعلق اجلاس کے میٹنگ منٹس جاری کیے گئے، جس کے مطابق 26ویں ترمیم کے بعد آرٹیکل 191اے کے تحت مقدمات کی کلر کوڈنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جسٹس امین الدین کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ آرٹیکل 184کی ذیلی شق 1، آرٹیکل 184کی ذیلی شق 3 کے کیس زیر التوا ہیں، آرٹیکل 186سمیت انسانی حقوق کےکیسز بھی زیر التواء ہیں۔

اعلامیے کے مطابق سینئر ریسرچر آفیسر مظہر علی خان کو آرٹیکل 199 کے مقدمات کی اسکروٹنی کا ٹاسک دیا گیا، مقدمات سماعت کیلئے مقرر کرنا، بینچز کے بیٹھنے کا فیصلہ دو سینئر ممبران سے مشاورت سے ہوگا، کورٹ روسٹر اجراء، ہفتے کے مقدمات کیلئے بھی 2 سینئر ممبران سے مشاورت سے فیصلہ ہوگا۔

اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ 6 نومبر کا اجلاس کمیٹی ممبر جسٹس جمال خان مندوخیل کی عدم دستیابی پر ملتوی کیا گیا تھا، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر کی کمیٹی آئینی بینچ بنائے گی، آئندہ اجلاس بعد میں شیڈول کیا جائے گا، اجلاس میں رجسٹرار سلیم خان، ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق 3 رکنی ججز کمیٹی کم از کم 5 ججز پر مشتمل آئینی بینچ بنائے گی، کمیٹی کے ایک رکن جج بیرون ملک ہیں، ان کی وطن واپسی پر کمیٹی اجلاس ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید