• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عرب اسلامک ممالک سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد باکو روانہ

وزیراعظم شہباز شریف۔فوٹو فائل
وزیراعظم شہباز شریف۔فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف عرب اسلامک ممالک کے غیرمعمولی سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد باکو روانہ ہوگئے۔

اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق سعودی اور پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔

وزیراعظم باکو میں کاپ 29 کے کلائمٹ ایکشن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اور پاکستان کو لاحق موسمیاتی تبدیلی کے خطرات پر روشنی ڈالیں گے

اعلامیہ کے مطابق وزیرِاعظم پاکستان کی جانب سے منعقد کلائمٹ فنانس گول میز کانفرنس کی میزبانی کریں گے، کلائمٹ فنانس گول میز کانفرنس میں متعدد عالمی رہنما شرکت کریں گے۔

وزیراعظم تاجک صدر کی گلیشیئرز کے تحفظ کیلئے منعقدہ تقریب میں شریک ہوں گے، جبکہ یو این سیکریٹری کی جانب سے عالمی درجہ حرات پر منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر کی جانب سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ میں بھی شرکت کریں گے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم کاپ 29 میں شریک عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ ہیں۔

قومی خبریں سے مزید