• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل نے عالمی انسانی تحفظ کے قانون کے چیتھڑے اڑا دیے، وزیراعظم شہباز شریف


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل نے عالمی انسانی تحفظ کے قانون کے چیتھڑے اڑا دیے ہیں۔ غزہ میں انسانی بحران تصور سے بڑھ کر ہے۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عرب اسلامی سربراہی اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں زخمیوں سمیت اسپتالوں کو اڑایا جارہا ہے، اہل فلسطین کے خلاف جرائم نسل کشی کے مترادف ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ دنیا کے صرف نظر کرنے سے اسرائیل کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے، عالمی انسانی تحفظ کے قانون کے چیتھڑے اڑادیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھوک، افلاس اور قحط نے غزہ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں، غزہ میں فوری جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل امداد کی بندش کو بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے، فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی جائے، فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی پر پابندی لگائی جائے، جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لایا جائے، جس کے توسیع پسندانہ عزائم سے امن کو خطرات لاحق ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام وقت کی ضرورت ہے، لبنان کے خلاف اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ایران کے خلاف اقدامات پر بھی شدید تشویش ہے، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

قومی خبریں سے مزید