گلاسگو (طاہر انعام شیخ)امریکی الیکشن کے نتائج دنیا کے تقریباً ہر ملک پر مختلف طریقوں سے بلاواسطہ یا بالواسطہ اثرانداز ہوتے ہیں۔ ایک تازہ ترین تجزیئے کے مطابق اگر ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کی تمام درآمدات پر20فیصد ٹیرف لگاتے ہیں توبرطانیہ کو اپنی برآمدات میں 22 بلین پونڈ کا نقصان ہو سکتا ہے اور مہنگائی دوبارہ بڑھنا شروع ہو سکتی ہے۔ ممکنہ طور پر برطانیہ کی معیشت کے چند اہم شعبوں فشنگ، پٹرولیم اور مائننگ کی ایکسپورٹ میں پانچواں حصہ کمی آسکتی ہے جبکہ فارماسیوٹیکل اور الیکٹریکل شعبے بھی متاثر ہونگے، یہاں تک کہ بعض ایسے شعبے جو خود ایکسپورٹ نہیں کرتے مثلاً ٹرانسپورٹیشن وغیرہ کاروباری سرگرمیوں کے کم ہونے سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ البتہ اگر امریکہ چینی مصنوعات پر 60 فیصد ٹیکس لگاتا ہے تو ٹیکسٹائل اور کلوتھنگ کے شعبوں میںامریکہ میں مقابلہ کم ہونے سے برطانیہ کو فائدہ ہو سکتا ہے۔خیال کیا جاتا ہےکہ صدر ٹرمپ یورپ میں برطانیہ کو پسند کرتے ہیں اور اس کو یورپی یونین سے دور کرنے کےلئے برطانیہ کے ساتھ سہولتوں کا خصوصی دو طرفہ معاہدہ کرسکتے ہیں۔ بصورت دیگر برطانیہ دیگر یورپی اور مغربی اتحادیوں کے ساتھ مل کر امریکی کانگریس کو یہ پیغام دے سکتا ہے کہ امریکہ کی ان پالیسیوں کے نتیجے میںامریکی برآمد کنندگان بھی بری طرح متاثر ہو سکتے ہیں۔