• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرسمس پر خون کے عطیات دیں، عوام سے این ایچ ایس کی اپیل

لندن (پی اے) این ایچ ایس نے انگلینڈ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم سرما کے دوران کرسمس کے موقع پر خون کے عطیات کا تحفہ دیں۔ این ایچ ایس نے عطیہ دہندگان پر زور دیا ہے کہ وہ کرسمس سے قبل خون کے عطیات دینے کیلئے بکنگ کرائیں اور خون کے عطیات دینے کی پیشکش پر قائم رہیں کیونکہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ دسمبر میں جمع کئے گئے خون کی کل مقدار 2020کے بعد سے سب سے کم ماہانہ تھی دسمبر 2023میں این ایچ ایس نے تقریباً 108,000عطیات جمع کئے جو ماہانہ اوسط سے 10 فیصد کم تھے۔ این ایچ ایس نے کہا ہے کہ او منفی، بی منفی اور سیاہ فام گروپ سے تعلق رکھنے والے عطیہ دہندگان کو آگے آنے کی خصوصی ضرورت ہے۔ این ایچ ایس کا کہناہے کہ اب بھی کرسمس کے ہفتے تک کیلئے 100,000افراد کی جانب سے خون کے عطیات کی پیشکش کی گنجائش موجود ہے، جن میں سے تقریباً دو تہائی ڈونرز کی کمی ٹاؤن اور سٹی سینٹر ڈونر سینٹرز میں ہے۔ کرسمس کا وقت خاص طور پر ہسپتالوں کے لئے مصروف دن ہوتا ہے، جس کا اندازہ اس طرح لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ سال کرسمس کے ہفتے کے دوران او منفی بلڈ ٹائپ کی مانگ 300 یونٹس سے تجاوز کر گئی تھی، جو ہنگامی حالات میں زندگیاں بچانے کے لئے استعمال ہونے والی عام قسم ہے۔ این ایچ ایس کے مطابق سیاہ فام برادری کے عطیہ دہندگان کی بھی ضرورت ہے تاکہ سکل سیل کے مریضوں کی مدد کی جاسکے، جنہیں نسلی طور پر مماثل خون کی ضرورت ہوتی ہے۔ کرسمس کے ہفتے کے اختتام تک انگلینڈ بھر میں خون کے عطیات کیلئے 99,000سے زیادہ بکنگز کی جائیں گی اور ان میں سے62,000سے زیادہ ٹاؤن اور سٹی سینٹر ڈونر سینٹرز میں ہوں گی۔ این ایچ ایس بلڈ اینڈ ٹرانسپلانٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر جو فرار نے کہا ہے کہ این ایچ ایس کو پورے سال زندگی بچانے والے خون کی ضرورت ہوتی ہے۔ گزشتہ دسمبر میں ہم نے عطیات میں کمی دیکھی تھی، لہٰذا ہم لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ وہ اس موسم سرما میں بہترین تحفہ دیں۔ براہ مہربانی خون دیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے اس سال اپنے بہت سے حیرت انگیز عطیہ دہندگان سے پوچھا ہے اور ہم ان کی حمایت اور لگن کے لئے ناقابل یقین حد تک شکر گزار ہیں۔" اب اور کرسمس کے ہفتے کے اختتام کے درمیان ہمارے پاس اب بھی 99,000سے زیادہ افراد خون کے عطیات دینے کیلئے بکنگ کراچکے ہیں، جس کی ہمیں اسپتالوں میں لوگوں کی زندگی بچانے کے لئے شدید ضرورت ہے۔ این ایچ ایس کا کہنا ہے کہ خون دینا فوری اور آسان ہے۔ اس پورے عمل میں صرف ایک گھنٹہ لگتا ہے اور ہر عطیہ 3زندگیوں کو بچا یا بہتر بنا سکتا ہے۔ این ایچ ایس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ براہ مہربانی آج ہی خون کا عطیہ دینے کیلئے اپائنٹمنٹ بک کریں اور اس کرسمس پر زندگیاں بچانے میں ہماری مدد کریں۔ خون کا عطیہ دینے کا وقت بک کرنے کے لئے www.blood.co.uk پر جائیں، گیو بلڈ ایپ استعمال کریں یا 0300 123 23 23 پر کال کریں۔
یورپ سے سے مزید