• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انشورنس کمپنی ڈائریکٹ لائن کا 550 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ

لندن (پی اے) انشورنس کمپنی ڈائریکٹ لائن نے اپنے اخراجات میں کمی کرنے کیلئے کم وبیش 550 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کا خیال ہے کہ ملازمین کی چھانٹی کے اس فیصلے سے کمپنی اگلے سال 50 ملین پونڈ تک بچت کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ کمپنی کے مطابق جن ملازمین کی چھانٹی کی جائے گی ان میں سے بہت سوں کی جگہ کوئی نئی بھرتی نہیں کی جائے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ کم ملازمین کے ذریعے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے گی۔ ادارے میں اس وقت 9,000ملازمین کام کررہے ہیں اس طرح یہ چھانٹی 5فیصد کے مساوی ہوگی۔ ڈائریکٹ لائن نے ملازمین کی چھانٹی کے حوالے سے تفصیلات دینے سے انکار کردیا اور یہ بتانے سے گریز کیا کہ کون سی ملازمتیں متاثر ہوں گی۔ ان کٹوتیوں کا اعلان ایک ٹریڈنگ اپ ڈیٹ میں کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گروپ نے تیسری سہ ماہی کے دوران مزید موٹر انشورنس صارفین کو کھو دیا ہے، اس طرح ادارےکے پالیسی ہولڈرز سال بہ سال 11 فیصد کم ہوکر 3.05 ملین رہ گئے۔ چیف ایگزیکٹیو ایڈم ونسلو نے کہا کہ ہم ایک اہم تبدیلی کے ابتدائی مراحل میں ہیں اور ہماری تیسری سہ ماہی کی ٹریڈنگ ابھی تک ہمارے اقدامات کی مکمل عکاسی نہیں کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر انشورنس کی تجارت چیلنجنگ تھی لیکن ہمیں یقین ہے کہ ہم جو اقدامات اٹھا رہے ہیں، ان سےکمپنی کے منافع اور ترقی میں اضافہ ہوگا۔ گزشتہ سال دعوؤں کی بڑھتی ہوئی لاگت کی وجہ سے بیک فٹ پر پھنس جانے کے بعد ڈائریکٹ لائن کاروبار کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ سابق باس پینی جیمز نے گزشتہ سال منافع کی وارننگ اور شیئر ہولڈرز ڈیویڈنڈ کو ختم کرنے کے اقدام کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ کمپنی کو 2024 کے اوائل میں بیلجئم کے حریف ایجس کی جانب سے 3.1 بلین پونڈ کے عوض کمپنی خریدنے کی کوشش کو روکنے پر بھی مجبور ہونا پڑا تھا۔ یہ ادارے کے نئے سربراہ مسٹر ونسلو کے تحت ایک اصلاحاتی منصوبے پر کام کر رہا ہے، جس میں اخراجات میں کمی اور اس کی انشورنس کے پریمیم کی آمدنی میں اضافہ شامل ہے لیکن موٹر کوریج کی لاگت میں نمایاں اضافے کے اقدامات سے صارفین کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور صرف ستمبر کے آخر تک کے 3 ماہ کے دوران کمپنی کو مزید 71,000 موموٹر پالیسی ہولڈرز کوکھونا پڑا ہے۔ مجموعی طور پر گزشتہ ایک سال کے دوران تقریباً 400،000 موٹر پالیسی ہولڈرز نے یہ گروپ چھوڑ دیا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ پالیسیوں کی تجدید کرنے والے صارفین کے لئے اوسط پریمیم تیسری سہ ماہی میں بڑھ کر 505 پونڈ ہو گیا ہے جبکہ ایک سال پہلے یہ پریمیم 480 پونڈ تھا لیکن سال کی پہلی سہ ماہی میں کوریج کی تجدید کی لاگت اوسطاً 515 پونڈ کی بلند ترین سطح سے کم ہوگئی ہے جبکہ نئے کاروباری پریمیم ایک سال پہلے کے 588 پونڈ سے کم ہوکر 557 پونڈ ہوگئے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ قیمتوں کا موازنہ کرنے والی ویب سائٹس پر ڈائریکٹ لائن برانڈ کے اجرا سے صارفین کی تعداد کو بحال کرنے میں مدد ملنے کے ساتھ موٹر صارفین کی نقل مکانی میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔
یورپ سے سے مزید