لوٹن (شہزاد علی) برطانیہ میں ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین نے میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ موومنٹ برطانیہ اور یورپ کے چیئرمین حاجی چوہدری محمد قربان کی کاوشوں کی حمایت اور تعریف کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے حاجی چوہدری محمد قربان اور دیگر کارکنوں بشمول چوہدری منیرحسین اور چوہدری شباب کی میرپور آزاد کشمیر میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کیلئے محنت کو سراہا اور ان کی مہم کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے لارڈ حسین نے انہیں اپنی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا اور اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے ہوائی اڈے سے خطے اور سمندر پار پاکستانیوں اور کشمیریوں کی زندگیوں پر اثرات مرتب ہوں گے ۔ لارڈ حسین نے حاجی چوہدری محمد قربان کی مسلسل اس کاز کیلئےلگن کی تعریف کی اور کہا کہ میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ موومنٹ کے چیئرمین کے طور پر حاجی قربان نے کمیونٹی کی حمایت حاصل کرنے، وسائل کو متحرک کرنے اور میرپور میں ہوائی اڈے کی اہم ضرورت کی طرف توجہ مبذول کرانے کیلئے کوششوں کی قیادت کی ہے۔ حاجی چوہدری محمد قربان نے ایک پٹیشن پر 5ہزار سے زائد کمیونٹی کے دستخط بھی لیے اور اسے اوتھ کمشنر کے ساتھ رجسٹرڈ بھی کرایا اور مختلف اتھارٹیز تک یہ پٹیشن پہنچائی۔ لارڈ حسین نے اعتراف کیا کہ حاجی قربان کی قیادت نے برطانیہ اور یورپ سے کمیونٹی ممبران اور رہنماؤں کو اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کیاتاکہ وہ اجتماعی طور پر میرپور میں براہ راست بین الاقوامی سفری سہولت کی ضرورت پر آواز اٹھا سکیں۔ لارڈ قربان نے تسلیم کیا کہ یہ ہوائی اڈہ ہزاروں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کے سفری بوجھ کو کم کرے گا۔ لارڈ قربان حسین نے اعلان کیاکہ وہ اس مقصد کو آگے بڑھانے میں مدد کیلئے اپنی پوری کوشش کریں گے، پاکستانی ہائی کمیشن میں بات چیت اور ائر پورٹ کے قیام کیلئے جاری مہم کے پروگرامز میں آپ کے ساتھ شامل ہوں گے۔