• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل کرائم ایجنسی کا انسانی اسمگلرز کے خلاف آپریشن، 9 مطلوب ملزمان گرفتار کرلئے

مانچسٹر (ہارون مرزا) برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے انسانی اسمگلرز کے خلاف آپریشن میں 9مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ این سی اے کے جوائنٹ انٹرنیشنل کرائم سینٹر نیشنل ایکسٹراڈیشن یونٹ کے افسران پر مشتمل ٹیم کے خصوصی آپریشن میں گرفتار کیے گئے ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے اسمگلنگ کیلئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کیا ہے، وہ انسانی اسمگلنگ میں اپنا کردار نبھاتے رہے ہیں، مذکورہ مشتبہ ملزمان کو لنکاشائر، نارتھمپٹن شائر، ناٹنگھم شائر، گریٹر مانچسٹر، ویسٹ یارکشائر اور کینٹ میں چھاپے مار کر حراست میں لیا گیا جبکہ پی ایس این آئی کی طرف سے شمالی آئرلینڈ میں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جس سے تحقیقات جاری ہیں۔ مانچسٹر میں انٹرپول کے نیشنل سینٹرل بیورو این سی اے کے زیرانتظام برطانیہ میں مقیم تین مشتبہ افراد کی شناخت میں مدد کی گئی۔ این سی اے افسران نے انہیں انسانی اسمگلنگ کے جرم میں اس وقت حراست میں لیا جب 21بچوں سمیت 27 افراد کو برطانیہ جانے کی کوشش میں تیونس میں روک لیا گیا تھا۔ ایک 32سالہ شامی شخص جسے ناٹنگھم میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ رومانیہ کوبھی مطلوب تھا، پر الزام ہے کہ اس نے تارکین وطن کو بلغاریہ سے رومانیہ، ہالینڈ کے آگے سفر کیلئے منتقل کیا دیگر سات افراد فرانس، جرمنی، بلجیم اور رومانیہ میں لوگوں کی اسمگلنگ یا جدید غلامی کے جرائم میں مطلوب ہیں تمام گرفتار ملزمان کی حوالگی کی کارروائی جاری ہے۔ ایک این سی اے بین الاقوامی رابطہ افسر کو بھی دنیا بھر میں انٹیلی جنس کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنے کیلئے شمالی مقدونیہ میں انٹرپول آپریشنل کوآرڈینیشن یونٹ میں تعینات کیا گیا تھا۔ یہ کارروائی 29ستمبر سے 4اکتوبر 2024تک انٹرپول کے آپریشن لبرٹیرا کی ایک ہفتہ طویل شدت کے دوران ہوئی۔ گلاسگو میں برطانیہ کی میزبانی میں اپنی 92ویں جنرل اسمبلی میں انٹرپول نے گزشتہ روز اپنے عالمی آپریشن کے ابتدائی نتائج کا اعلان کیا، برطانیہ کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر 116 ممالک اور خطوں نے اس آپریشن میں حصہ لیا اور دنیا بھر میں 2517 گرفتاریاں کی گئیں۔ این سی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر آف انٹرنیشنل رک جونز نے کہا کہ یہ انٹرپول آپریشن انسانی اسمگلنگ سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی اور موثر طریقے سے کام کرنے کے ہمارے عزم کی ایک بہترین مثال ہے ہم نے پوری دنیا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انٹیلی جنس جمع کرنے اور پھیلانے کیلئے اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کا استعمال کیا اور اپنے افسران کو بیرون ملک مطلوب مجرموں کی شناخت، تلاش اور حراست میں لینے کے قابل بنایا اس کے نتیجے میں سنگین جرائم کے سلسلے میں مطلوب نو افراد کو ہماری کمیونٹیز سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کیلئے حوالگی کی کارروائی جاری ہے۔

یورپ سے سے مزید