مانچسٹر(نمائندہ جنگ)سادہ پانی کے مقابلے میں سافٹ ڈرنک پینے والے افراد میں دل اور آنتوں کے مسائل کا شکار ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق جدید تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بعض ڈرنکس میں چینی کی مقدار پانچ گنا اور کیلوریز بھی چار گنا زائد ہوتی ہیں۔ سب سے زیادہ مضر صحت کولا چیری ہے جس میں تقریباً تین چائے کے چمچ چینی اور تقریباً تین چاکلیٹ چپ کوکیز جیسی کیلوریز ہوتی ہیں،تاہم اگر آپ کی پسند کا پاپ پرانے زمانے کا امریکی سوڈا ہے تو شاید آپ صحت کے زیادہ منفی نتائج کا شکار نہ ہوں۔ امریکن کریم سوڈا کے ایک 330ملی لیٹر کین میں دو چائے کے چمچ سے کم چینی اور 10سے کم کیلوریز ہوتی ہیں۔لیمونیڈ کے پرستار بھی خوش قسمت ہیں اس کے ایک کین میں دو چائے کے چمچ میٹھی چیزیں اور ایک سیب سے کم کیلوریز ہوتی ہیں۔این ایچ ایس کے رہنما خطوط تجویز کرتے ہیں کہ روزانہ چھ چائے کے چمچ سے زیادہ شکر استعمال نہ کریں۔