ہینوور/ برسلز (حافظ اُنیب راشد) دودھ کی پیداوار بڑھانے کی تکنیک سمجھنے اور جدید فارمنگ کے آئیڈیاز سے متعارف ہونے کیلئے پاکستانی ڈیری فارمرز کا 28 رکنی وفد جرمنی کے شہر ہینوور پہنچ گیا ۔ اس وفد کی قیادت ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر شاکر عمر گجر کر رہے ہیں۔ یہ وفد 11 جنوری سے شروع ہونے والی اس سیکٹر کی بڑی نمائش EuroTier 2024میں شرکت کیلئے آیا ہے۔ شاکر عمر گجر کے مطابق یورپی یونین نے وفد میں شامل 18افراد کو اسپانسر کیا ہے ان کے مطابق جرمنی کے دورے کا مقصد جانوروں کی بہتر نشو نما، بہتر دیکھ بھال اور دودھ کی پیداوار بڑھانے کی تیکنیک سمجھنا اور فامرز کو ایجوکیٹ کرنے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے یورپی یونین کے ادارے انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر کیلئے ممنونیت کا اظہار کیا جن کی وجہ سے ڈیری فارمرز کو دوسرے ملکوں میں جانے اور وہاں سے براہ راست سیکھنے کا راستہ کھلا ہے۔