لندن ( نمائندہ جنگ ) لندن کے معروف نوجوان بزنس مین چوہدری قیصر چیچی کوYear of the 2024 کا بیسٹ ایوارڈ دیا گیا ہے۔قیصر چیچی نوجوان پاکستانی ہیں جنھوں نے تین سال کے عرصہ میں اپنے کاروبار کو وسعت دی اور اپنے ساتھ ایسے بے روزگار نوجوانوں کو لگا یا اور انہوں نے بھی ترقی کی اور پاکستان کی مصنوعات بیرونی ممالک میں متعارف کروائیں۔ چوہدری قیصر چیچی نے اپنا ایوارڈ لندن میں گروپ آف کمپنیز اور eventures کے تعاون سے منعقدہ ایک بڑی تقریب میں منسٹر آف ٹریڈ پاکستان ہائی کمیشن شفیق شہزاد سے وصول کیا ۔ اس موقع پر ممبران پارلیمنٹ میئرز تھینک ٹینکس اہم کاروباری شخصیات بھارت نژاد بزنس مین چڈا گروپ آف 9کے چیئرمین شیشہ سنٹر لندن کے چیف ایگزیکٹو زیشان شانی و بوبی بھائی سمیت پاکستان ہائی کمیشن کی منسٹر اکنامک زہرہ ثمینہ نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پرمنسٹر ٹریڈ آف ہائی کمیشن شفیق شہزاد نے کہا کہ پاکستان سے باہر مقیم پاکستانی اپنے ملک اور قوم کی محبت میں ترقی کرتے ہیں اور دن رات کی محنت سے اپنا مقام بناتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ ترقی کے میدان میں آگے بڑھے اور اپنا مقام بنائے آج کی تقریب میں جہاں کمپنیز کی طرف سے لاتعداد سٹال لگے وہاں بزنس مین کمیونٹی کی آمد سے اس بات کا اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ قوم ترقی اور خوشحال کے لیے ہمہ تن جدوجہد میں مصروف ہے۔ ہمیں ترقی کے میدان میں اسی طرح آگے بڑھنا ہے نوجوان طبقہ زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کرے اور اپنا مقام بنائے نوجوان ہی ہمارے اصل معمار ہیں۔ انھوں نے قیصر چیچی کو مبارک باد دیتے ہوئے حوصلہ افزائی بھی کی اور کہا کہ برطانیہ میں رہ کر جس طرح ترقی کی اور اپنا مقام بنایا ہماری نوجوان نسل بھی اسی انداز میں جدوجہد کرے تاکہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں اور ترقی ہو اس موقع پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا ۔قیصر چیچی نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ میری کامیابی کے پیچھے جہاں میرے بڑے بھائی فیصل چیچی کی رہنمائی شامل ہے وہاں والدین کی دعاؤں کا بھرپور کمال ہے اور آج میں خدا کے فضل و کرم سے رفتہ رفتہ کامیابی کی طرف رواں دواں ہوں۔ قیصر چیچی نے پاکستان ہائی کمیشن کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے ہر موقع پر اورسیز پاکستانیوں کی رہنمائی کی۔ تقریب میں ہائی کمشنر آف پاکستان لندن ڈاکٹر فیصل محمد کی پاکستان سے محبت اور خدمات کی تعریف بھی کی گئی۔