وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہماری نسل نے تختی سے فائیو جی کا سفر طے کر کے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔
احسن اقبال نے ویمن انٹر پرینیور شپ کانفرنس ’ویکون 2024ء‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نالج اور انوویشن کا دور ہے، حیرت انگیز چیزیں رونما ہو رہی ہیں۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان انٹر پرینیور اپنی صلاحیتیں منوا رہے ہیں۔
وزیرِ منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ ہماری نوجوان بچیاں کامیابی سے جدید شعبوں میں آگے بڑھ رہی ہیں، دنیا کی ممتاز یونیورسٹیوں میں پاکستانی خواتین اپنی صلاحیتیں منوا رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مسائل کے حل کے لیے فائیو ایز کا ماڈل پیش کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر شعبے میں خواتین کو آگے لانے کے لیے پروگرامز شروع کرنے کی ضرورت ہے، ہر ترقی یافتہ ملک نے خواتین کی شمولیت کے ذریعے ترقی حاصل کی ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ دنیا پاکستان کی معیشت کے بارے میں پُر امید ہے، پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ 94 ہزار انڈیکس کو عبور کر چُکی ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ دوست ممالک پر الزامات نے تعلقات کو متاثر کیا ہے، میرے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے، جیل میں فزیو تھراپی کی سہولت بھی نہیں دی گئی مگر ہم نے شور نہیں مچایا۔