ڈیلس، ٹیکساس: پاکستان اور امریکا میں اسٹیج ڈراموں کے میدان میں نمایاں مقام رکھنے والے معروف پروڈیوسر سید فرقان حیدر رضوی ڈیلس میں انتقال کرگئے ۔انہیں اتوار کو ڈیلس میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
وہ گردوں کے عارضہ میں مبتلا تھے۔ ان کے انتقال کی خبر ان کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں نے انتہائی غم اور افسوس کے ساتھ دی ہے۔
سید فرقان حیدر نے پاکستان میں اسٹیج ڈراموں کی دنیا میں نہ صرف معین اختر اور عمر شریف جیسے فنکاروں کو روشناس کرایا بلکہ کمرشل تھیٹر کو نئی بلندیوں پر پہنچایا۔
ان کے ڈرامے جیسے ’’بکرا قسطوں پر‘‘، ’’مصیبت در مصیبت‘‘ اور ’’بچاؤ معین اختر‘‘ نے پاکستانی اسٹیج ڈراموں کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی دلائی۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں 250 سے زائد اسٹیج ڈرامے پروڈیوس کیے، جن میں معاشرتی پیغامات اور حالات حاضرہ کو مرکزی حیثیت دی گئی۔
مرحوم نے بیماریوں کے باوجود حال ہی میں دوہفتہ قبل ڈیلس میں اپنا آخری اسٹیج تھیڑ ’’ دلہا آن لائن‘‘ پروڈیوس کیا تھا جس میں پاکستان سے انہوں نے کئی فنکاروں کو ڈیلس مدعو کیا تھا۔ اس میں انہوں نے حاضرین سے جو گفتگو کی، وہ اب ایک یادگار بن چکی ہے۔
سید فرقان حیدر کی نماز جنازہ اتوار، 10 نومبر 2024 کو ڈیلاس کے مومن سینٹر میں ادا کی جائے گی اور تدفین ڈینٹن مسلم قبرستان میں ہوگی۔ ان کے اہل خانہ نے تمام احباب سے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی درخواست کی ہے۔
اللّٰہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔