ملک بھر میں آج جمعے کے روز وزیرِ اعظم شہباز شریف کی اپیل پر اسموگ کے خاتمے کے لیے بارش کے لیے نمازِ استسقیٰ ادا کی گئی۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق وزارت مذہبی امور میں نماز استسقیٰ ادا کر دی گئی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قوم سے نماز استسقیٰ ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ رب العزت سے خصوصی مغفرت طلب کرتے ہوئے بارانِ رحمت کی دعا کریں۔
وزیراعظم نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ خشک سالی سے ملک بھر میں صحت اور اسموگ کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، مساجد کے پیش امام اور عوام آج نمازِ استسقیٰ کا لازمی اہتمام کریں۔
وزیرِ اعظم کی ہدایت پر آج ملک بھر میں نماز استسقیٰ کے اہتمام کا سرکلر بھی جاری کیا گیا تھا۔
سرکلر کے ذریعے وفاقی اور صوبائی اوقاف سیکریٹریز کو نماز استسقیٰ کا اہتمام کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔
وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزارتِ مذہبی امور نے وفاق اور صوبائی سطح پر نمازِ استسقیٰ کے اہتمام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کے سیکریٹری اوقاف کو عمل درآمد یقینی بنائیں۔