• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ سندھ کی شاہ چارلس سوم کی 76ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی 76ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے برٹش ہائی کمشنر کو چارلس سوم کی سالگرہ کی مبارک دی اور گلدستہ پیش کیا، تقریب میں وزرا اور سفارتکار بھی شریک تھے۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا شاندار تقریب میں مدعو کرنے کا شکریہ جو ہمیں موسیقی، آرٹ اور دوستی سے جوڑتی ہے۔ 

انکا کہنا تھا کہ سندھ ہزاروں سال سے موسیقی، شاعری اور آرٹ پر مشتمل ثقافت کی دھرتی ہے۔ ہمارے ورثے کو دنیا بھر میں پھرنے والے فنکاروں نے زندہ رکھا ہے۔ 

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ لیجنڈ گلوکارہ عابدہ پروین سے لیکر عظیم لوک فنکار الن فقیر تک ہمارے فنکاروں نے دنیا میں اپنی پہچان چھوڑی ہے۔ 

انھوں نے کہا سندھ نے ایسے فنکار پیدا کیے ہیں جنہوں نے سرحدوں سے ماورا لوگوں کے دلوں کو چھوا۔ حکومت اور سندھ کے عوام اپنے ثقافتی ورثے کو مناتے اور تحفظ کرتے ہیں۔ 

وزیر اعلیٰ نے کہا ایسی کوششوں کا مقصد سندھ کی زرخیر روایتوں کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنا ہوتا ہے، برطانیہ اور سندھ دونوں میں تخلیقی روایات یکساں ہیں جنہوں نے عالمی میوزک اور آرٹ کو نئی شکل دی۔ 

انھوں نے کہا آرٹ میں شراکت داری صرف صلاحیتوں کے تبادلے کا نام نہیں، آرٹ میں شراکت داری سے تاریخ، ثقافتوں اور لوگوں کے درمیان تعلق بنتا ہے۔ 

وزیر اعلیٰ نے کہا ایسی تقاریب سے پاکستانی اور برطانوی فنکاروں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے اور نئے تصورات تخلیق ہوتے ہیں، صلاحیتوں اور ثقافتوں کے تبادلے سے دوستی اور باہمی احترام پروان چڑھتا ہے۔ 

انھوں نے سندھ کے عوام کی طرف سے شاہ چارلس سوم کو 76ویں سالگرہ کی دلی مبارکباد پیش کی اور کہا ہماری دعا ہے کہ وہ امن، صحت اور خوشیوں کے ساتھ کئی سال اور جئیں۔

قومی خبریں سے مزید