• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نقصان سے بچنے کیلئے تاجروصنعتکار پرانے نوٹ تبدیل کرالیں،سکھر چیمبر

سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر ایوان صنعت وتجارت کے صدر عامر علی خان غوری نے کہا ہے کہ تمام تاجر اور صنعت کار یکم دسمبر سے قبل 10,50,100اور 1000روپے کے پرانے ڈیزائن والے نوٹوں کو تبدیل کرالیں کیونکہ اسٹیٹ بینک کے نوٹیفکیشن کے مطابق پرانے ڈیزائن کے نوٹوں کی قانونی حیثیت یکم دسمبر2016ء کو ختم ہوجائے گی اس لئے صنعت کار اور تاجر اسٹیٹ بینک کے نوٹیفکیشن کے مطابق اس جانب توجہ دیتے ہوئے یکم دسمبر سے قبل ان تمام نوٹوں کو تبدیل کرالیا جائے، وہ ایوان صنعت وتجارت سکھر کے عہدیداران و قائمہ کمیٹی برائے بینکنگ وفنانس ، صنعت کاروں اور تاجروں سے بات چیت کررہے تھے۔ صدر عامر علی خان غوری نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے نوٹیفکیشن کے بعد جن نوٹوں کی یکم دسمبر کو حیثیت ختم ہونے کے حوالے سے اعلان کیا گیا ہے اس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اس حوالے سے صنعت کاروں، تاجروں اور عوام کو کسی قسم کے نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے ، انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بالا حکام سے بھی مطالبہ کیا کہ تمام بینکوں کو پرانے ڈیزائن کے نوٹ جن کی حیثیت یکم دسمبر کو ختم ہوجائے گی ان کی گردش کو روکنے اور مرحلہ وار تبدیلی کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر حکمت عملی مرتب کی جائے ، تمام بینک مرحلہ وار پرانے نوٹ لے کر نئے نوٹ تبدیل کرتے جائیں اور اسٹیٹ بینک تمام بینکوں کو پابند کرے کہ وہ اپنی جانب سے اب پرانے نوٹوں کے اجراء کے بجائے نئے ڈیزائن کے نوٹوں کے اجراء کو یقینی بنائے ۔
تازہ ترین