• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شزہ فاطمہ نے آئی ٹی برآمدات میں ریکارڈ اضافے کی خوشخبری سنادی


وفاقی وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزہ فاطمہ خواجہ نے موجودہ مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں آئی ٹی برآمدات میں ریکارڈ اضافے کی خوشخبری سنادی۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں شزہ فاطمہ نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے 4 ماہ آئی ٹی برآمدات میں 34 اعشاریہ 9 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جولائی تا اکتوبر آئی ٹی برآمدات 1 اعشاریہ 206 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصےمیں آئی ٹی برآمدات 894 ملین ڈالر تھیں۔

وفاقی وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اکتوبر 2024ء میں آئی ٹی برآمدات میں 330 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا، آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 38 اعشاریہ6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

شزہ فاطمہ نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ مالی سال اکتوبرمیں آئی ٹی برآمدات 238 ملین ڈالر تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کےلیے اقدامات جاری ہیں۔

وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ وزارت آئی ٹی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور آئی ٹی انڈسٹری بھی برآمدات بڑھانے کےلیے کوشاں ہے۔

قومی خبریں سے مزید