اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وفاقی حکومت نے بجٹ سازی کا عمل شروع کردیا، نئے مالی سال کیلئے اہداف کا تعین جاری کردیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے 30 جون کوختم ہونے والے رواں مالی سال دو ہزار چوبیس، پچیس کے ہدف کے مقابلے میں یکم جولائی سے شروع ہونے والے نئے مالی سال دوہزار پچیس، چھبیس کے لیے ایف بی آرکی ٹیکس وصولی میں دو ہزار تین سو ارب روپے اضافے کے ساتھ مجموعی طورپرپندرہ ہزار دو سو ستر ارب روپے محصولات کا تخمینہ لگادیا ہے۔
وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال 2025.26کے لیے ایف بی آر کی ٹیکس وصولی کا تخمینہ 15ہزار270 ارب روپے لگایا گیا ہےجو رواں مالی سال 2024.25 کے لیے مقرر کردہ 12ہزار 970ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 2ہزار 300ارب روپے زیادہ بنتا ہے۔
گذشتہ مالی سال 2023.24 میں ایف بی آر کی ٹیکس محصولات 9 ہزار 311 ارب روپے تھے۔ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال براہ راست ٹیکس وصولی کا تخمینہ 6 ہزار 570 ارب روپ ےلگایا گیا ہے اوررواں مالی سال کےلیے براہ راست ٹیکس وصولی کا ہدف5ہزار512ارب روپے ہے۔