تحریکِ انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ 24 نومبر کے احتجاج کے لیے ہم نے حکمتِ عملی تبدیل کر لی ہے۔
صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ پشاور، مردان، چارسدہ اور نوشہرہ کے کارکنان صوابی سے اسلام آباد جائیں گے، باقی اضلاع کے کارکنان مختلف روٹس سے اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے ساتھ مذاکرات کے لیے رابطہ ہوا ہے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو مذاکرات کی اجازت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب دیکھنا ہے کہ حکومت کتنی سنجیدگی سے اس ایجنڈے کو آگے بڑھاتی ہے، آپ ہمیں دیوار سے لگائیں گے تو احتجاج کے علاوہ ہمارے پاس کون سا راستہ ہے؟
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں بالکل استحکام آنا چاہیے، اس وقت لاء اینڈ آرڈر کے چیلنجز کا سامنا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ بشریٰ بی بی غیر سیاسی ہیں، جو حکم اور ہدایات ملتی ہیں وہ صرف اور صرف بانیٔ پی ٹی آئی سے ملتی ہیں۔