لاہور( نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل )بانی پی ٹی آئی عمران خان کو راولپنڈی کے تھانہ نیوٹاؤن میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا ۔
تھانہ نیو ٹاؤن میں عمران خان کے خلاف جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ، پولیس سے مزاحمت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج ہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میںٹیم عمران خان سے تفتیش کر رہی ہےجبکہ راولپنڈی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لئے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ادھر لاہورہائیکورٹ نے تمام مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ،بانی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات ہائیکورٹ میں پیش کردی گئیں، بہن نورین نیازی کی درخواست پر رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی
رپورٹ میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف پنجاب کے تھانوں میں 54 مقدمات ، اسلام آباد میں 62مقدمات جبکہ ایف آئی ے میں3 مقدمات اور4انکوائریاں چل رہی ہیں، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ لودھی نے54مقدمات کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں 21 اور راولپنڈی میں18مقدمات درج ہیں، گوجرانوالا میں 1، قصور میں7، فیصل آباد میں5، اٹک میں2، میانوالی میں 1 مقدمہ درج ہے، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سردار امیرحمزہ ڈوگر نے وزارت داخلہ اورایف آئی اے کی جانب سے رپورٹ پیش کی۔