کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال کو 1974 میں ذوالفقار علی بھٹو نے یہ سوچتے ہوئے تعمیر کرایا تھا کہ یہاں کے لوگوں کو جناح اور سول اسپتال نہ جانا پڑے گا، ذوالفقار علی بھٹو صاحب نے اس علاقے کی خدمت کی ہے، پچاس سالوں میں جو اس اسپتال کا حال کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے، آج پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں اس اسپتال کو ازسر نو بحال کررہے ہیں، تمام غیر فعال وارڈز کو کھولنے کے احکامات دیئے ہیں، عوام کی امانت ہم عوام کو واپس پہنچا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ عباسی شہید اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا افتتاح کرنے کے بعد سی ایم ڈبلیو کے ایم سی اسکول کی منعقدہ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈرکرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، سٹی کونسل میں پیپلز پارٹی کے دیگر منتخب نمائندے، ڈاکٹرز اور دیگر بھی موجود تھے۔