کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گلستان جوہر میں شہریوں کے تشدد سے مبینہ ڈکیت ہلاک ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر تھانے کی حدود بلاک 15 میں کرولا کار میں سوار تین مسلح ڈکیتوں نے مزدور بن کر ایک بنگلے میں گھسنے کی کوشش کی۔ایک ڈاکو نے مالک مکان کو دبوچنے کی کوشش کی لیکن خود قابو آ گیا۔گھر والوں کے شور مچانے پر اہل محلہ بھی جمع ہو گئے جنہوں نے ڈاکو کو قابو کر لیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔شہریوں نے پکڑے گئے ڈاکو کو ڈنڈوں اور لاٹھیوں کے وار سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔اطلاع پر مددگار 15 پولیس بھی موقع پر پہنچی۔زخمی ڈاکو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔ہلاک ڈاکو کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔